کوئٹہ: حکومت بلوچستان کی جانب سے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔
متاثرہ رابطہ سڑکوں کی بحالی کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ متاثرین تک خوراک اور دیگر امدادی سامان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کئے جانے والا امدادی سامان دوردراز کے علاقوں تک پہنچایا جارہا ہے۔
جمعرات کے روز ہیلی کاپٹر کی تین پروازوں کے ذریعہ تقریباً آٹھ ہزار کلوگرام پر مشتمل خوراک، خیمے اور دیگر اشیاء ضلع قلعہ عبداللہ، ضلع پشین، ضلع زیارت اور ضلع قلعہ سیف اللہ کے دوردراز علاقوں کے متاثرین تک پہنچائی گئیں۔