کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان نے زیرتعمیر شہید سکندر زہری یونیورسٹی خضدار کو میڈیکل یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی جانب سے دیئے گئے۔
بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں تاحال صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، یونیورسٹی کی زیرتعمیر عمارت کا پچاسی فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا گیا ہے اور یونیورسٹی کی تعمیر کے منصوبے کے لئے فنڈز جاری کئے جارہے ہیں، محکمہ مواصلات وتعمیرات کو تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ شہیدسکندر زہری یونیورسٹی کی عمارت ایک وسیع وعریض رقبہ پر محیط ہے جس میں ایڈمن بلاک، اکیڈمک بلاک، ہاسٹلز اور رہائشی مکانات بھی شامل ہیں جو کہ ایک یونیورسٹی کی ضروریات سے بڑھ کر ہیں جبکہ خضدار میں میڈیکل کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔
لہٰذا خضدار اور دیگر ملحقہ اضلاع کی تعلیمی ضروریات کے مطابق زیرتعمیر یونیورسٹی کی عمارت کو استعمال میں لایا جائے گا، ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے بیانات قبل از وقت ہیں، اس حوالے سے صوبے، علاقے اور تعلیمی ترقی کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے گا، ترجمان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی کے لئے تعلیم دوست اقدامات کررہی ہے۔
پرائمری سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک تعلیمی اداروں کی تعمیروترقی اور ان میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے رواں مالی سال میں کثیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں، اسکل ڈیویلپمنٹ کے شعبہ کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے اور ایک پڑھا لکھا ہنرمند بلوچستان موجودہ حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن ہے۔