|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2020

 لاہور: بنگلادیش نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 137رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کے کپتان محمد اللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا، نعیم دوسرے ہی اوور میں شاہین آفریدی کا شکار بن گئے، وہ کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، محمد متھن کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے مہدی حسن 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین لٹن داس 8 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے اور عفیف حسین نے 21 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 53 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیشی کپتان محمد اللہ کی اننگز بھی 12 رنز تک ہی محدود رہی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2 جب کہ شاہین آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ آج کی وکٹ مختلف لگ رہی ہے، بنگلادیش کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے تاہم دوسری جانب بنگلادیشی کپتان نے کہا کہ آج کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔