|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2020

استنبول : ترکی کے مختلف علاقوں میں 6.9 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

ترک میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 6.9 شدت کے زلزلے سے کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ ترکی کے صوبائی گورنرز کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے الازگ میں زلزلے سے 15 افراد ہلاک اور 750 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ملاتیا صوبے میں بھی زلزلے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں شدید سردی کے باعث بستر، خیمے اور کمبل بھیج دیئے گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق عراق، شام، لبنان اور لیبیا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر افسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ترک قیادت اور ترک عوام کے ساتھ ہے۔