حب: رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے حبکو چائنا پاور کمپنی کو CSRایوارڈ دیئے جانے پر اپنے جاری ایک بیان میں تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسی کمپنی کو سماجی ترقی کی خدمات کے عوض CSR 2020 ء کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
جسکی علاقے میں CSRکی مد میں کوئی خاطر خواہ خدمات نہیں ہیں نہ علاقے کے لوگوں کو ملازمتیں ملی ہیں اور نہ ہی کوئی اور قابل ذکرکام کیاگیا ہے جبکہ حبکو چائنا پاور پلانٹ سے ملحقہ تین گاؤں کو وعدے کے باوجود ابھی تک بجلی کی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے اور پاو ر پلانٹ سے جو گرم پانی خارج ہو کر سمندر میں گر ایا جارہا ہے اس سے آبی حیات کو نقصان ہو رہا ہے اور ماہی گیر ی تباہ ہو رہی ہے پلانٹ کی وجہ سے مقامی آبادی کو صحت کے خطرات لاحق ہیں جسکے لیئے ابھی تک کوئی بڑا سپتال نہیں بنایا گیا لیکن پھر بھی اس کمپنی کو خدمات کے بدلے ایوارڈ دیا گیا جسکی وہ مذمت کرتے ہیں۔
ایم این اے اسلم بھوتانی کا مزید کہنا تھا کہ اگر انہیں اس ایوارڈ کی تقریب میں مدعو کیا جاتا تو وہ جن شخصیات نے حبکو چائنا پاور کمپنی کو ایوارڈ دینے کی سفارش کی ہے انکے سامنے حقیقت بیان کرتے لیکن کمپنی نے 2020 ء CSRسمٹ میں غلط بیانی کر کے ایوارڈ حاصل کیا ہے انھوں نے کہاکہ وہ سمٹ کو خط تحر یر کر رہے ہیں کہ حبکو چائنا پاور کمپنی سے عوامی خدمات کے عوض دیا گیا ایوارڈ واپس لیا جائے۔