|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2020

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات کے کراچی ائیر پورٹ کے واش روم کی حالت زار پر توجہ دلانے پر حکومت نے بھی نوٹس لے لیا۔

معروف اداکارہ مہوش حیات نے کراچی ایئرپورٹ کے واش روم میں گندگی اور لال بیگ کی موجودگی کے انتہائی برے تجربے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سوال اُٹھایا تھا کہ بات صرف غیر صحت افزا ماحول ہی کی نہیں بلکہ پاکستان آنے والوں کا پہلا تجربہ متاثر کن بنانے کی بھی ہے۔

اداکارہ مہوش حیات کی ٹویٹ کے جواب میں جہاں مداحوں نے اپنے اپنے تجربات شیئر کیے وہیں وزارت اوورسیز اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ ریسورس نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ شکایت کا نوٹس لے لیا گیا اور جلد متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کردیئے جائیں گے۔ صارفین نے بھی حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اداکارہ مہوش حیات کراچی ائیرپورٹ کے واش روم میں گندگی اور لال بیگوں کی بہتات دیکھ کر برہم ہوگئی تھیں۔