انسان کا جدیدیت کا سفر طویل اور کٹھن رہا ہے جن چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے سائنسی علوم کے ذریعے تبدیلی لائی گئی اس میں عظیم انسانوں کا کردار رہا ہے جنہیں آج بھی تاریخ روشن باب کی طرح یاد کرتی ہے جنہوں نے تاریکی سے انسان کو نکالا اور اپنی سوچ وفکر کے ذریعے روشنی پھیلائی اور دنیا کا نقشہ بالکل تبدیل کرکے رکھ دیا۔جبکہ آج دنیا ایک نئے سفر اور نئے کھوج کی طرف بڑھتاجارہا ہے۔
ماضی کے علوم سے استفادہ کرکے نئے راستے نکال رہی ہے اس میں خاص کر اب نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، انہیں باصلاحیت بنانے کیلئے ریاست پوری مشینری استعمال کرتی ہے اور وسائل کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر معاشرے کیلئے کارآمد بناتی ہے اور جواب میں وہ بھی ریاست کو بھرپور فائدہ پہنچاتے ہیں۔ بدقسمتی سے ملک میں کئی دہائیوں تک نوجوانوں کی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ملک کی ترقی کی رفتار انتہائی سست روی کا شکار رہی ساتھ ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد ضائع بھی ہوئی جس کے ذمہ داروہ حکمران ہیں۔
جنہوں نے اپنے نوجوانوں پر کوئی سرمایہ کاری نہیں کی اور نہ ہی تعلیمی اداروں میں جدید نصاب کے ذریعے تبدیلی لانے کی کوشش کی، وہی روایتی نصاب ان کے ہاتھوں میں دی گئی جس کا نقصان نوجوان نسل کو تو پہنچاہی مگر ساتھ ہی معاشرے کو بھی متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔ پی ٹی آئی کا اول روز سے ہی نعرہ تبدیلی کا رہا ہے خاص کر نوجوانوں کی بڑی تعداد پی ٹی آئی کے ساتھ اس امید کے ساتھ وابستہ ہوئی کہ نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ پر بھرپور سرمایہ کاری کرتے ہوئے نوجوانوں کو قابل اور ہنر مند بنایا جائے گا۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ صلاحیت ہونے کے باوجود لوگ تجربات کرنے سے ڈرتے ہیں۔ انسان تجربات سے سیکھ کر ہی آگے بڑھتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انسان کو محنت کرنی چاہیے، کامیابی، عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ نیت صاف ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خوف اور ڈر انسان کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔ کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں۔
جن میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور جذبہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی زندگی اونچ نیچ کا نام ہے تاہم برے وقت میں انسان کو اصلاح کرنی چاہیے اور اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ مدینہ کی ریاست کی وجہ سے 700 سال تک مسلمان کامیاب رہے۔ ہمارے پاس باصلاحیت نوجوان موجود ہیں، جو معاشرہ نوجوانوں کی قدر کرتا ہے وہ آگے بڑھتا ہے۔ نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ہم نوجوانوں کو رستہ دکھا رہے ہیں، ان کی حوصلہ افرائی کر رہے ہیں۔ حکومت آئی ٹی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے نوجوانوں کی بھر پور مدد کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔ حکومت قدرتی وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کام کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔بہرحال وزیراعظم عمران خان آج بھی اسی بیانیہ کو دہراتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ نوجوانوں کی شراکت داری کے بغیر ہم ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکتے اور نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔
امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں پر خاص توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کی تعلیم اور بہترین روزگار کیلئے اسکیمات کا اعلان کرے گی تاکہ نوجوان ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں اور بیروزگاری کا بھی خاتمہ یقینی ہوجائے۔