|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2020

دمشق: باغیوں کے علاقے میں شامی فوج کے ہیلی کاپٹر کو میزائل حملے میں تباہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں ترک حمایت یافتہ جنگجوؤں کے علاقے میں شامی فوج کے ہیلی کاپٹر کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا، میزائل لگنے سے ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اُٹھی اور ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس وگیا۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے دو پائلٹس کی لاشوں کو نکال لیا ہے۔ ترکی سے جنم لینے والی عسکریت پسند جماعت ’ نیشنل لبریشن فرنٹ‘ نے میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اس علاقے میں شامی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو میزائل حملے میں تباہ کردیا گیا تھا جس میں شامی فضائیہ کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ اس علاقے میں ترکی کے حمایت یافتہ باغیوں کا کنٹرول ہے جو کرد جنگجوؤں کیخلاف برسرپیکار ہیں۔