|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2020

کوئٹہ: کوئٹہ کے شاہراہ اقبال پر ہونے والے خودکش دھماکے میں سات افراد شہید 25 زخمی ہوگئے۔دھماکے میں 8سے 10کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے شارع اقبال پر منان چوک کے قریب ضلع کچہری کے سامنے اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے کچھ فاصلے پر پریس کلب کے سامنے حضرت ابوبکر صدیق کے یوم وفات سے متعلق احتجاجی ریلی ہورہی تھی۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد ہر طرف دھواں اٹھنے لگا اور خوف و ہراس کی وجہ سے لوگ بھاگنے لگے۔ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم پانچ گاڑیاں اور متعدد موٹرسائیکلوں کو نقصان ہوا جبکہ قریب واقع ضلع کچہری کی عمارت سمیت قریبی دکانوں اور کاروباری مراکز کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو کو ٹراما سینٹر میں علاج فراہم کیا جارہا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عینی شائدین کے مطابق احتجاج کے اختتام پر جیسے ہی دعا ختم ہوئی تو دھماکا ہوا۔ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ پر میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذہبی جماعت کی ریلی کی حفاظت کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس اور ایگل سکواڈ کے اہلکار تعینات تھے۔

جنہوں نے ریلی کی جانب جاتے ہوئے ایک مشکوک نوجوان کو روکا تاہم اْس نے رْکنے کی بجائے آگے جانے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا اور نیچے گرادیا۔ اس دوران حملہ آور نے اپنی جسم سے بندھی خودکش جیکٹ دھماکے سے اڑا دی۔ ڈی آئی جی کے مطابق دھماکے میں حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرنے والے ڈی ایس پی کے ڈرائیور سمیت دو پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔

مرنے والے دیگر افراد میں ایک لیویز اہلکار اور چار شہری شامل ہیں،عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ یہ ہمارے اہلکاروں کی ہمت ہے جنہوں نے جان کی قربانی دے کر حملہ آور کو آگے جانے سے روکاانہوں نے کہا کہ دھماکے میں 8سے 10کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سول ہسپتال میں ایک نامعلوم شخص کا سر اور جسم کے اعضاء بھی منتقل کئے گئے ہیں۔

جو مبینہ طور پر خود کش حملہ آور کے ہو سکتے ہیں۔ترجمان سول ہسپتال کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں محمد حامد ولد عبدالغفور، محمد زمان ولد محمد حسن، حاجی محمدنسیم ولد عبدالحلیم، منظور احمد ولد عبدالصبور، عبدالرسول ولد عبدالماجد، احمد اللہ ولد عبداللہ خان، حضرت علی ولدنصراللہ شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں محمد داود ولد عبدالرحیم،ساز الدین ولد محمد نسیم،محمد نسیم ولد محمد ذکریا،محمد داود ولد نور محمد،سید محمد عظیم ولد سید محمد،پوپلزئی ولد حبیب اللہ۔

عبدالحمید ولد امین اللہ عادل احمدو لد منظور احمد،فیض اللہ ولد دوست محمد،فرحان ولداللہ داد،مرزا خان ولد حاجی عبدالغفور،محمد نسیم ولد محمد ابراھیم،نصیب اللہ ولد اسد اللہ،محمد اشرف ولد غلام حیدر،محمد اسد ولد محمد سعید،شہریار ولد یار محمد،سمیع اللہ ولد گلستان،شراف الدین ولد مہردین،برکت ولد دین محمد،قادر بخش ولد امیر بخش،سید داود ولد سید ثناء اللہ،شریف ولد کریم داد،فیصل مشتاق ولد مشتاق،نعمت اللہ ولد نور احمد،نقیب اللہ ولد حاجی اللہ بخش شامل ہیں۔