|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے اراکان نے ضلع پشین میں ہونے والے لیویز کی بھرتیوں پر احتجاج کرتے ہوئے محکمہ کے انتظامی افسران پر سنگین الزامات ایوان میں مسلسل دہراتے رہے،اس دوران صوبائی وزراء اور اپوزیشن اراکان ڈپٹی سپیکر کی بار بار تاکید کے باوجود بھی بیک وقت بولتے رہے ارکان اسمبلی کے مابین تند وتیز جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے باعث اجلاس پندر ہ منٹ کے لئے ملتوی کرنا پڑا جمعیت کے رکن اسمبلی اصغر علی ترین نے ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ بھی کیا۔

پیر کے روز ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کی زیر صدرات ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ضلع پشین سے جمعیت علماء اسلام کے رکن اصغر علی ترین نے لیویز فورس میں حالیہ ہونے والی بھرتیو ں کے معاملے کو پوائنٹ آف آرڈر پر اٹھاتے ہوئے کہا کہ 90آسامیوں پر جو بھرتیاں کی گئی ہیں ان کی بھرتیوں کے حوالے سے حکومت کو چاہئے تھا کہ اشتہار برائے بھرتی لکھنے کی بجائے اشتہار برائے بولی لکھاجاتا کیونکہ جس طرح منڈی لگتی ہے۔

یہاں بھی باقاعدہ منڈی لگی ااور لوگوں سے پیسے لے کر بھرتیاں کی گئیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس اس حوالے سے آڈیو اور دیگر دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں جو لوگ تبلیغ میں گئے اور صوبے سے باہر تھے ان کا نام بھی ٹیسٹ و انٹرویوز کی لسٹ میں شامل ہے۔وہ محکمہ کے انتظامی افسران پر سنگین الزامات بھی ایوان میں مسلسل دہراتے رہے اس دوران صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، اصغر علی ترین، اخترحسین لانگو سمیت دیگر حکومتی اور اپوزیشن اراکین بیک وقت بولتے رہے۔

اوران کے مابین تند وتیز جملوں کا تبادلہ بھی جارہا اس موقع پر اصغر علی ترین نے ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ بھی کیا ڈپٹی سپیکر کی بار بار تاکید کے باوجود بھی اراکین بیک وقت بولتے رہے جس کے باعث اجلاس پندر ہ منٹ کے لئے ملتوی کرنا پڑا وقفے کے بعد اجلاس شروع ہوا تو جے یوآئی کے سید فضل آغا نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پشین میں لیویز فورس کی تعیناتیوں کے دوران باقاعدہ پیسے مانگے جاتے رہے اگر یہ افراتفری اور کرپشن نہیں تو کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن چند لوگوں نے کی ہے اگر حکومتی اراکین اس میں ملوث نہیں تو انہیں اس نشاندہی پر برا بھی نہیں منانا چاہئے۔ پشتونخوا میپ کے نصراللہ زیرئے نے کہا کہ کوئٹہ میں 266نان ٹیچنگ سٹاف کی بھرتیوں میں بھی بدعنوانی ہوئی جس کے حوالے سے سی ایم آئی ٹی کی کی رپورٹ بھی وزیراعلیٰ کو بھجوادی گئی ہے لیکن تاحال کسی کے خلاف تادیبی کارروائی نہیں ہوئی جے یوآئی کے واحد صدیقی نے کہا کہ ایک ہی دن ٹیسٹ، دوڑ اور انٹرویو سبھی مکمل کیا گیا۔

اشتہار میں جو کوائف مانگے گئے تھے ان کاکوئی خیال نہیں رکھا گیا اور نہ ہی قواعد کو خاطرمیں لایاگیا ہے بعدزاں وزیر زراعت انجینئر زمرک اچکزئی نے پشین کے منتخب اراکین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں حلفیہ کہتا ہوں کہ اگر واقعی کوئی پیسے دے کر لگا ہے اور قواعد کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو صوبائی حکومت تادیبی کارروائی عمل میں لائے گی اراکین اسمبلی اطمینان رکھیں ہم ایک ہفتے میں تسلی بخش جواب بھی دے دیں گے۔

اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو ثبوت لائے جائیں ہم انکوائری کریں گے جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر نے تسلی بخش جواب دیا ہے حکومت اور اپوزیشن اراکین اس معاملے کو دیکھیں اور متعلقہ محکمہ اس حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کریں تاکہ اس اہم معاملے کو نمٹایا جاسکے