|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2020

ڈیرہ اللہ یار: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ امریکہ افغان طالبان کے مابین امن معاہدے میں پاکستان کا کلیدی کردار رہا ہے افغان امن معاہدے سے خطے میں جاری 19سالہ طویل جنگ کا خاتمہ ہوگا جس میں ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں پاکستان خومختیار ہمسایہ چاہتا ہے۔

افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء سے خطے بشمول پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہونگے حکومت کی نواز شریف سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی نواز شریف کی صحت ناساز تھی جس کو عدالت نے انسانی ہمدردی کے ناطے باہر جانے کی اجازت دی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے روجھان جمالی میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و بین الصوبائی امور میر عمر خان جمالی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے میں شرکت اور میر نصیرا للہ خان رند کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا قاسم خان سوری نے کہا ہے۔

کہ پاکستان تحریک انصاف کو جب حکومت ملی تو ملکی معیشت غیر مستحکم تھی اور ملک قرضوں کے بوجھ تلے ڈوبا ہوا تھا وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی قرضوں کا بوجھ اتارنے کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں جس باعث اب معیشت مستحکم ہورہی ہے اور انڈسٹریاں بحال ہو رہی ہیں انکا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی ذمہ داری آٹا اور چینی مافیا ہے جنہوں نے اپنی جیبیں بھرنے کے لیے ذخیرہ اندوزی کرکے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہے آنے والے دنوں میں مہنگائی پر مکمل طور پر قابو پالیا جائیگا نوجوانوں کے لیے 200ارب روپے کی لاگت سے آسان قرضے دینے کا اسکیم بھی لایا جارہا ہے۔

احساس پروگرام کے تحت غربت مٹاؤ سمیت دیگر اسکیمیں بھی لا رہے ہیں جس سے غریب کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی پیٹرول مصنوعات اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی جلد ختم ہو جائے گی اپنی نشست کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا تھا کیس عدالت میں ہے عدالت انصاف پر مبنی فیصلہ کریگی اور عدالتی فیصلہ قبول ہوگا۔