|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2020

کوئٹہ: وفاقی وزیرشہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ بلوچستان کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے پاکستان کی ترقی بلوچستان سے جڑی ہوئی ہے بلوچستان کی سرزمین ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہا ہے اورہماری حکومت نے بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کے لئے اہم منصوبے شروع کئے ہیں جس کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی راہ پر پر چل پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کوئٹہ ائیرپورٹ میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ٹرمنل کا افتتاح اور بوئینگ 777کے لئے رن وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سیکرٹری سول ایوی ایشن قادر شفیع ڈار صوبائی وزراء اراکین صوبائی اسمبلی ائیرپورٹ مینجر قاسم خان خلجی اور دیگر حکام شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو18مہینوں کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل ٹرمینل پر 3 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔ وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے پاکستان کی ترقی بلوچستان سے جڑی ہوئی ہے بلوچستان کی سرزمین ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہا ہے ہماری حکومت نے بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کے لئے اہم منصوبے شروع کئے ہیں۔

جس کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی راہ پر پر چل پڑے گا انہوں نے کہا کہ بہت جلد کوئٹہ ائیرپورٹ سے بین الاقوامی ایئرلائنز کام کرنا شروع کریں گے اس سلسلے میں بین الاقوامی ائیرلائنز کمپنی ہمارے ساتھ رابطے میں اور خواہش کررہے ہیں کہ وہ کوئٹہ سے بھی بین الاقوامی سطح پر بڑے جہازوں کے ذریعے پروازوں کا آغاز چاہتے ہیں اس کومدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے بین الاقوامی معیار کے مطابق رنوے پر کام شروع کردیا جو جلد پائیہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسکا فائدہ بلوچستان کے عوام کو پہنچے گا خاص کر حج کے دوران یہاں کے حاجیوں کوبہت سہولیات میسر ہونگی اور یہاں کے حاجی دنیا کے مختلف ائیرلائنز کے ذریعے روڈ ٹو مکہ بوئینگ 777میں سفر کرینگے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت جلد کوئٹہ سے تربت یا گوادر کیلئے پروازیں شروع کی جائیں گی اور اس کا انحصار بلوچستان کے لیڈر شپ پہ ہے۔

وہ فیصلہ کریں کہ پروازیں کوئٹہ ٹو تربت یا گوادر کے لئے ہوں انہوں نے کہا کہ گوادر میں بین الاقوامی معیار کا جدید ائیرپورٹ بن رہا ہے اور اس پر جلد نائٹ لینڈنگ کا آغاز کردیا جائے گا جہازوں کی کمی کی وجہ سے صوبے کے دیگر شہروں میں فلائٹس فی الحال نہیں چلائی جاسکتی جیسے ہی پی آئی اے میں نئے طیارے شامل ہونگے تو باقی شہروں میں بھی پروازوں کی بحالی شروع کردی جائے گی وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی خواہش پر صوبے کے تین اضلاع میں رن وے سٹریپس بنائے جائیں گے جس میں سبی، خضدار، دالبندین شامل ہیں۔

سوئی میں رن وے سٹریپس بنانے کے لئے پی پی ایل حکام سے بات کی جائے گی وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے پہلے منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی سے ہم ترقیاتی منصوبے بروقت اور کم مدت میں مکمل کئے جاسکتے ہیں یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ جو بھی منصوبے ماضی میں شروع کئے گئے تھے نہ وہ بروقت مکمل ہوئے اور نہ ہی وہ مختص فنڈز میں پائیہ تکمیل کو پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ بروقت مکمل نہ کرنے پر منصوبے اپنی افادیت کھودیتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ جاری منصوبوں کے لئے بروقت فنڈز ریلیز کئے جائیں تاکہ وہ وقت پر مکمل ہواور اس کے فائدے جلد عوام کو پہنچنا شروع ہوانہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکام نے کافی سارے اقدامات اٹھائے ہیں ہمارے اداروں نے پچھلے تیس سالوں سے مشکل وقت طے کیا ہے۔

اب ان اداروں کو بہتر بنانے کے لئے جامع پلاننگ کی ضرورت ہے انہوں نے ترکی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک زمانے میں ترکی کی معیشت اتنی مضبوط اور مستحکم نہیں تھی جب انہوں نے اپنے اداروں کی کارکردگی پر توجہ دی اور اپنے ادارے مضبوط بنائے تو اس کا شمار دنیا کے مضبوط معیشتوں میں ہونے لگا موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اداروں کی فعالیت پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پر بھی خرابی نظر آئے تو وزیراعظم عمران خان متعلقہ ادارے کے وزیر کو فوراً ہدایت جاری کرکے درپیش مسئلے کو جلد حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور ہم جلد مسائل سے نکل جائیں گے۔