کوئٹہ: بلوچستان کی وکلاء تنظیموں کی جانب سے صوبے میں نول کورونا وائر سے بچاؤ کی مناسب سہولیات نہ ہونے اور زائرین سمیت ایران سے آنے والے دیگر افراد کو کوئٹہ شہر کے قریب قائم کئے گئے قرنطینہ سینٹر میں رکھنے کے خلاف جمعرات کے روز بلوچستان ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں سے بائیکاٹ کیا گیا۔
عدالتی بائیکاٹ کے باعث سائلین اور قیدیوں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔وکلاء تنظیموں کے رہنماؤں کاکہناتھاکہ زائرین کو تفتان بارڈر پر قرنطینہ میں رکھنے کے بعد اپنے آبائی علاقوں کو بھیجاجائے انہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ منتقل کرنا صحیح نہیں،بلوچستان میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے۔
یہاں سے لوگ معمولی بیماریوں کے علاج کیلئے بھی کراچی اور دیگر کے ہسپتالوں پر انحصار کرتے ہیں بلوچستان کو کورونا وائرس کے تجربہ گاہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں اور اسی سلسلے میں آج عدالتوں کا بائیکاٹ کیاگیاہے۔