اوتھل: بلوچستان یوتھ اینڈ سول سوسائٹی کے چیئرمین نجیب یوسف زہری، کامریڈ بسمل بلوچ، آصف علی زہری، پرویز جان بلوچ کی جانب سے کراچی سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کرنے والے شرکا اوتھل پہنچ گئے، حب تا چمن قومی شاہراہ کو ڈبل روڈ بنانے کا مطالبہ لے کر کراچی سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کرنے والے چار نوجوانوں کا اوتھل پہنچنے۔
پر جمعیت علما اسلام کے رہنماوں نے استقبال کیا، لانگ مارچ کی قیادت کرنے والے نوجوان نجیب یوسف زہری، جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حسین احمد مدنی، بسمل بلوچ کا اوتھل پہنچنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی سے زیادہ ٹریفک حادثات میں انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، قومی شاہراہ پر رونما ہونے والے ٹریفک حادثات کے سبب ہم نے سیاستدانوں، وکلا، پروفیسرز، ڈاکٹرز، بیوروکریٹس، طلبا طالبات کی ہزاروں نعشیں روڈ سے اٹھائی ہیں، ہمارے کندھے قوم کے ان فرزندوں کو لحد تک پہنچا چکے ہیں جن کی اس وطن عزیِز پاکستان کے لئے بے شمار لازوال قربانیاں تھیں۔
انہوں نے کہا قومی شاہراہ ایک قاتل شاہراہ ہے سالانہ ہزاروں کی تعداد میں معصوم لوگ اس شاہراہ پر سفر کرنے کے دوران موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، تاہم ہائی وے اتھارٹی، وفاق اور صوبائی حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آر سی ڈی شاہراہ پر ہمارے اپنیپیارے مختلف ٹریفک حادثات میں شہید ہوئے لوگ حادثات کے بعد تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہارتے ہیں۔
تاہم ذمہ داران اسے قدرتی حادثہ قرار دے کر خاموشی اختیار کرلیتے ہیں جو کہ کسی ظلم سے کم نہیں، انہوں نے کہا کہ صرف یہ بول دینا کہ قومی شاہراہ کو ڈبل کیا جارہا ہے اس سے کچھ فرق نہیں پڑھتا، ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان، وزیراعلی بلوچستان جام آف لسبیلہ جام کمال خان عالیانی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عملی طور پر اقدامات کرکے قومی شاہراہ کو دورویہ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔
علاوہ ازیں اوتھل پہنچنے پر جے یو آئی لسبیلہ کے رہنما مولانا عبدالحمید عارف، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما و معروف سماجی شخصیت ایدھی بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی، جے یو آئی رہنما حافظ حسین احمد مدنی، بی این پی مینگل کے رہنما فرحان سرور رونجھو، پیر مجید شاہ، سید محبوب شاہ، غلام محی الدین ودیگر نے لانگ مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔
جے یو آئی اور بی این پی مینگل کے مقامی رہنماوں کی جانب سے ٹی پارٹی دی گئی جبکہ حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پیدل مارچ میں شریک ہوئے جبکہ لانگ مارچ کے شرکا پیر کی صبح لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل پہنچے۔