کوئٹہ : وفاقی محتسب کی شنوائی پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے کوئٹہ کے رہائشی کو قومی شناختی کارڈ کا اجراء کردیا۔
وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ کے مطابق ہنہ اوڑک کوئٹہ کے رہائشی عبدالغنی نامی شخص نے کافی عرصہ قبل اپنے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادرا سے رجوع کیا تھا تاہم نادرا کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر اور عدم اجراء کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کوئٹہ ریجنل آفس سے رجوع کیا۔
جہاں درخواست کی سماعت کے دوران متعلقہ اتھارٹی سے موقف طلب کیا گیا۔ نادرا حکام نے وفاقی محتسب آفس کو بتایا کہ مذکور کے شناختی کارڈ کے کوائف ذمہ دار وفاقی تحقیقاتی ادارے کو تصدیق کے لیے بھیجے گئے ہیں اور تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر ہی شناختی کارڈ کے اجراء میں پیش رفت ممکن ہوسکے گی جس پر وفاقی محتسب کی جانب سے تحقیقاتی ادارے کو معاملے کے حل اور جواب داخل کرنے کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا۔
جس پر تحقیقاتی ادارے نے مروجہ اصولوں کے مطابق تصدیق کا عمل مکمل کرکے نادرا کو ارسال کردیا جس پر سائل عبدالغنی کو قومی شناختی کارڈ کا اجراء کردیا گیا درخواست گزار نے وفاقی محتسب کوئٹہ ریجنل آفس کو تحریری طور پر مسئلے کے حل سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔