|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2020

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث بننے والی صورت حال کے پیش نظر یکم جون تک تمام تعلیمی اداروں کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ پانچ اپریل کو سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ بھی 27 مارچ کو وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

یہ اعلان وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کالج یونیورسٹیز کے ہاسٹل خالی کرا لیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر شفقت محمود کے مطابق ’ صرف غیر ملکی طلبہ کو ہاسٹلز میں رہنے کی اجازت ہوگی۔‘

شفقت محمود نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں داخلوں کو بھی ایک ماہ تک ملتوی کیا جا رہا ہے۔

’کوشش ہے کہ پی ٹی وی اور ورچوئیل یونیورسٹی کے تعاون سے براہ راست لیکچر نشر کیے جائیں۔‘

انہوں نے آن لائن لرننگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بندوبست کیا جا رہا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے بغیر کالج، یونیورسٹی جائے کورسز ہو سکیں۔

اس سوال پر کہ کیا چھٹیوں میں اساتذہ کی بھی چھٹیاں ہوں گی،  شفقت محمود نے کہا بالکل چھٹیاں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ضرورت پڑنے پر تعلیمی ادارے اساتذہ کو طلب کر سکتے ہیں‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر چند روز میں وبا پر قابو پا لیا جاتا ہے تو ایسا بندوبست کیا جائے گا کہ امتحانات ہو سکیں اور طلبہ کا سال ضائع ہونے سے بچ جائے۔

کیا یہ احکامات نجی تعلیمی اداروں کے لیے بھی ہیں۔ اس کے جواب میں شفقت محمود کا کہنا تھا، سب کے لیے ہیں۔

’کسی کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ ہٹ کر چلے۔‘