|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2020

کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی کردیے گئے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی ( آئی او سی) اور  ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی  کی  جانب سے مشترکہ بیان میں  اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

بیان کے مطابق  آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ اور جاپانی وزیراعظم شنزو  ایبے نے کانفرنس کال پر گفتگو کی جس میں دیگر جاپانی حکام اور اولمپک کمیٹی کے عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اولمپک 2020 کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اولمپک گیمز کو ایک سال کے لیے ملتوی کردینا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی اور اولمپک گیمز  کا نام ٹوکیو اولمپک 2020 ہی رہے گا  جب کہ کوشش کی جائے گی کہ یہ مقابلے 2021 کے موسم گرما سے پہلے ہی مکمل ہوجائیں۔

خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کے لیے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم  بھی کورونا وائرس کے خدشے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کی تجویز پیش کر چکے ہیں جب کہ کینیڈا نے اپنی ٹیم جاپان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال کے آخر میں چین سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی وبا  160 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے جس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اس سے 17 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔