پنجاب حکومت کی کورونا کے مریضوں کو اسپتال میں رکھنے کی پالیسی کارگر ثابت نہیں ہورہی اور اسپتال میں رکھے جانے کے خوف سے مشتبہ مریضوں نے ٹیسٹ کرانے ہی چھوڑ دیے۔
مشتبہ مریضوں کو اسپتال میں داخل کرنے کی پالیسی پر اہم اداروں نے تحفظات ظاہر کردیے اور صوبائی حکومت کو پالیسی پرنظرثانی کا مشورہ دے دیا۔شہریوں میں سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی پالیسی کو فروغ دینے پر زور دیا جانا چاہیے۔
اہم اداروں کے مشورے پر پنجاب حکومت کی پالیسی کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہےاور نئی پالیسی میں ٹیسٹ مثبت ہونے پر بھی مریض کو اس وقت تک گھر میں رہنے کی اجازت دی جائے گی جب تک اس میں کورونا وائرس کی علامات سنگین صورت اختیار نہیں کرلیتیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1118تک جا پہنچی ہے جب کہ 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
آج بروز جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے پنجاب میں 12، بلوچستان میں 12، اسلام آباد میں 9اور سندھ میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔