|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2020

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور ملک کے مختلف حصوں میں مزید متاثرہ افراد سامنے آنے سے مجموعی تعداد 1427 ہوگئی۔

اس مہلک وائرس سے خیبرپختونخوا میں ایک جبکہ گزشتہ روز پنجاب میں 2 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد اب تک ملک میں وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 12 ہوچکی ہے۔

اگرچہ اس وائرس سے سب سے زیادہ سندھ متاثر تھا تاہم گزشتہ روز پنجاب میں 82 کیسز سامنے آنے سے اب سب سے زیادہ متاثرین پنجاب سے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ اب تک سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں سامنے آئی ہیں جہاں 5 افراد اس عالمی وبا سے انتقال کرگئے جبکہ 4 افراد کا خیبر پختونخوا، ایک سندھ، ایک بلوچستان اور ایک گلگت بلتستان میں انتقال ہوا۔

ہفتے کو سامنے آنے والے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو یہ متاثرین کی مجموعی تعداد 1400 سے بڑھ چکی ہے۔

سندھ

سندھ میں بھی کورونا وائرس کے مزید 29 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں تعداد 469 ہوگئی۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے بتایاگیا کہ 17 نئے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر قائد میں متاثرین 181 ہوگئے۔

اس کے علاوہ تین افراد حیدرآباد اور ایک دادو سےمتاثر ہوا ہے جبکہ 14 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اب تک ایک فرد کا انتقال ہوا ہے اور 170 زیر علاج ہیں، اس طرح زائرین کے سوا سندھ کے ان کیسز میں 131 مقامی سطح پر منتقلی کے ہیں۔

مزید برآں محکمہ صحت نے بتایا کہ سکھر سے ایران آنے والے 265 اور لاڑکانہ آنے والے 7 زائرین میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ہفتہ کی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا وائرس پر ٹاسک فورس کے 31ویں اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 469 ہوگئی ہے۔

ان کیسز میں 265 سکھر، 189 کراچی، ایک دادو، 7 لاڑکانہ اور 7 حیدر آباد میں سامنے آئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آج کراچی میں 12 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیسز کی تعداد 132 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے 7 نئے کیسز سامنے آئے۔

ترجمان محکمہ صحت پنجاب قیصر آصف کا کہنا تھا کہ صوبے میں مصدقہ متاثرین کی تعداد 497 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 5 اموات ہوئیں جبکہ 4 مریض صحت یاب ہوئے۔

متاثرین کی تفصیل سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 اور ملتان سے 46 زائرین کے علاوہ لاہور میں 116 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ترجمان کے مطابق گجرات سے 51، گوجرانوالہ سے 9، جہلم سے 19 اور راولپنڈی سے 15 مریضوں رپورٹ ہوئے۔

قیصر آصف نے بتایا کہ باقی متاثرین کی تعداد صوبے کے دیگر علاقوں سے ہے جبکہ تمام مصدقہ مریضوں کو آئیسولیشن وارڈز میں داخل کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک خاتون انتقال کرگئیں، جس سے صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات کے مشیر اجمل وزیر نے اس موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ خاتون کا تعلق لوئر دیر سے تھا۔

مزید برآں خاتون حال ہی میں عمرے سے واپس آئی تھیں اور ان کے انتقال کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ کردیا گیا۔

اسلام آباد

سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان نئے کیسز میں اسلام آباد میں 12 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 39 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں نئے آنے والے کیسز کی تعداد 16 ہے، جس کے بعد وہاں متاثرین 107 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر متاثرین پر نظر ڈالیں تو سندھ سے 469، پنجاب سے 497، خیبرپختونخوا سے 180، بلوچستان سے 133، گلگت بلتستان سے 107، اسلام آباد سے 39 اور آزاد کشمیر سے 2 افراد ہیں۔

تاہم اچھی بات یہ ہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصے میں اس وائرس سے 25 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔