کوئٹہ : کوارڈینیٹر ٹو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالرؤف رند نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر عوام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے گھروں سے نہ نکلیں اور اپنی اسلامی،قومی اور اخلاقی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے دوسروں کو بھی اپنے گھروں تک محدود رہنے کیلئے پابند کریں۔
اس مشکل گھڑی میں پاک فوج، انتظامیہ،بالخصوص ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف،پولیس،ایف سی،قانون نافذ کرنے والے و سول ڈیفنس کے ادارے جو اس صورتحال میں فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہے ہیں، انہیں سلام پیش کرتا ہوں جو بحیثیت ذمہ داران اپنی خدمات اپنے علاقوں میں جاری رکھے ہوئے ہیں، اس وبائی مرض کو سنجیدگی سے لیں تاکہ اس آفت سے کامیابی سے نجات پاسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر عبدالرؤف رند نے بتایا کہ کورونا وائرس ایک خطرناک اور موذی مرض ہے،اس قدرتی وباء کو شکست دینے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہیں کیونکہ یہ وبائی مرض ایک انسان سے دوسرے انسان میں بہت جلد منتقل ہوجاتاہے، جو پورے معاشرہ اور علاقے کو اپنے لپیٹ میں لینے کا سبب بن سکتاہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوروناوائرس کی روک تھام کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات ہنگامی بنیادوں پر اٹھائے جا رہے ہیں، جس کی مثال بلوچستان کے شیخ زاہد ہسپتال میں کوروناکے سترہ مریض صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہو گئے، ان مریضوں کی رپورٹس منفی آنے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کئے گئے اور دوبارہ منفی آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس وبائی مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں کو سہولیات کی فراہمی دی جارہی ہیں،صوبائی حکومت اس نازک صورتحال میں اپنے عوام کے ساتھ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مرض کی روک تھام کیلئے عوام میں شعور اور آگاہی مہم چلائی جارہی ہے، تاہم عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا اور اہل خانہ سمیت معاشرے کا خیال رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ لاک ڈاؤن سے غریب مزدور دہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا ہے۔تاہم حکومت اس حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان غریب لوگوں کی مدد کرنے میں سرگرم عمل ہے۔