|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2020

دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کرکے ہزاروں کے لیے جان لیوا ثابت ہونے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2 ہزار 419 تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 34 افراد بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 920 تک پہنچ چکی ہے، اس کے بعد سندھ کا نمبر ہے اور وہاں 761 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 311 افراد وائرس سے متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 169 ہے، مزید یہ کہ گلگت بلتستان میں بھی 187 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 62 ہے جبکہ آزاد جموں کشمیر میں 9 افراد میں اس عالمی وبا کی تشخیص ہوئی۔

اس وائرس سے گزشتہ روز بھی 5 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات 31 تک پہنچی تھی تاہم آج سندھ میں مزید 2 اموات جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک موت کی تصدیق کردی گئی۔

ان 34 افراد میں پنجاب سے 11، سندھ سے 11، خیبرپختونخوا سے 9، گلگت بلتستان سے 2 اور بلوچستان سے ایک مریض کا انتقال ہوا۔

تاہم جہاں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں صحتیاب ہونے والی مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اب تک 107 افراد اس وائرس سے جنگ جیت چکے ہیں۔

2 اپریل کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ابھی تک سندھ میں 2 اموات اور نئے کیسز، خیبر پختونخوا میں ایک موت اور نئے کیسز جبکہ پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں نئے کیسز دیکھنے میں آئے۔

سندھ

سندھ کی وزیر صحت و بہبود آباد ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں کورونا وائرس سے 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق کردی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 65 سالہ شخص ٹنڈو محمد خان کا رہائشی تھا جسے 28 مارچ کو حیدر آباد کے ہسپتال میں لایا گیا تھا جہاں ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد علاج جاری تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فرد تبلیغی جماعت کا رکن تھا اور اسے ایکیوٹ ریسپائریٹری ڈسٹریس سنڈروم (اے آر ڈی ایس) کا مرض بھی لاحق تھا اور وہ ویٹی لیٹر پر تھا۔

جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص سے متعلق ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ 86 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے تھا، مریض میں یکم اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور ان میں وائرس سماجی رابطے کے ذریعے منتقل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مریض کو بلڈ پریشر جیسے مسائل کا سامنا تھا۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس موت کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

یہاں یہ واضح رہے کہ سندھ میں ہونے والی ان 11 اموات میں سے 10 کراچی میں ہوئیں ہیں جبکہ ملک میں سب سے زیادہ شہر قائد ہی متاثر ہوا ہے جہاں کیسز کی تعداد 300 سے زیادہ ہے۔

علاوہ ازیں سندھ میں مزید 34 کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 741 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کورآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ 2 اپریل کی صبح 4.30 بجے آنے والے کیسز میں 17 کیسز کراچی، 9 حیدر آباد، 6 بینظیرآباد اور 2 جامشورو میں سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تمام کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں، جس کے بعد سندھ میں مقامی سطح پر منتقلی کے کیسز کی تعداد 410 ہوگئی۔

بعد ازاں میران یوسف نے صوبے میں مزید 20 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 761 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ نئے کیسز میں سے 12 کراچی اور 8 سکھر میں زائرین میں سامنے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید 2 مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں مقامی طور پر منتقلی کے علاوہ دیگر کیسز تفتان سے آنے والے زائرین یا بیرون ملک سے آنے والے افراد کے ہیں۔

پنجاب

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں مزید 61 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 914 ہوگئی۔

ترجمان محکمہ صحت پنجاب قیصر آصف نے کے مطابق اب تک پنجاب میں 11 افراد انتقال کرچکے ہیں جس میں لاہورسے 5، راولپنڈی سے 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان سے ایک ایک مریض شامل ہے۔

صوبے میں متاثرین کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان میں 213، ملتان 91، رائے ونڈ قرنطینہ مرکز میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 199، راولپنڈی میں 53، گجرات میں 90 کیسز ہیں جبکہ باقی کیسز پنجاب کے دیگر علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے مزید 6 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 920 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ کیے گئے۔

اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان 8 کیسز کے بعد وہاں اب تک متاثرین کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں بھی جمعرات کو کورونا وائرس کا ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ضلع بونیر میں ایک مریض کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 9 ہوگئی۔

دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں متاثرہ افراد کی تعداد 311 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل کے ترجمان کے مطابق بلوچستان میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 169 ہوگئی ہے جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 171 ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور وہاں 3 نئے کیسز کے بعد تعداد 187 تک جاپہنچی۔