|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2020

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں کورونا وائرس کے 11 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ مکمل حتمی رپورٹ کے لیے سیمپل کوئٹہ منتقل اوستہ محمد کے دو افراد کے ٹیسٹ نیگیٹو آگئے کورونا وائرس کے چار کیس سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے لاک ڈاون مزید سخت کردیا تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند کرادیئے گئے۔

سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر گاڑیوں کی آمدورفت بھی بند کردی گئی ڈیرہ اللہ یار کے رہائشی چار نوجوانوں احمد نواز، کامران عزیز، حسنین اور شاہد عزیز کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد جعفرآباد کی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے ان کے اہل خانہ کے مشتبہ 11 افراد کے ٹیسٹ مکمل کرکے حتمی رپورٹ کے لیے سیمپل کوئٹہ بھجوا دیئے ہیں ناظم صحت جعفرآباد ڈاکٹر قدرت اللہ جمالی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ڈاکٹروں اور پی پی ایچ آئی کے ایک ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے بہرانی کالونی پہنچ کر کورونا وائرس کے مشتبہ 11 افراد کے ٹیسٹ لیے ہیں جن کی حتمی رپورٹ آنے سے قبل ابتدائی طور پر 11 افراد کو انکے گھر میں ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے حتمی رپورٹ آنے کے بعد مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ اوستہ محمد کے نواحی گاوں اللہ رکھیہ جمالی کے رہائشی دو افراد سہنا خان اور ناصر علی کے کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں۔

ڈیرہ اللہ یار میں کورونا وائرس کے چار کیسز سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاون مزید سخت کردیا ہے شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز ہر قسم کی دکانیں اور نجی کلینکس بھی مکمل طور پر بند کروادیئے گئے اور شہر کی تمام سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی گئی لاک ڈاون سخت ہونے کے بعد شہر کی سڑکیں سنسان ہوگئی ہیں غیر ضروری طور پر نقل و حرکت کرنے والے افراد کے خلاف پولیس کو سخت ایکشن لینے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔