|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2020

کوئٹہ: پی پی ایچ آئی بلوچستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر رفیق رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔پی پی ایچ آئی بلوچستان MERC پروجیکٹ کے تحت کوئٹہ شہر میں بھی فعال ہے۔ کوروناوائرس سے آگاہی سمیت ٹریفک حادثات کی صورت لوگوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سماجی تنظیم مسلم ایڈ کی جانب سے پی پی ایچ آئی بلوچستان کو ایمبولینس عطیہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے ایڈوائزر میر اعجاز سنجرانی کے توسط سے عمران مری نے ایمبولینس کی چابیاں ان کے حوالے کی۔

رفیق رئیسانی نے کہا کہ پی پی ایچ آئی بلوچستان MERC پروجیکٹ کے تحت کوئٹہ میں ایمبولینس بمعہ ریسکیو عملہ سیٹلائٹ ٹاؤن، مری آباد، کچلاک، خیزئی بازار، نوحصار، مشرقی بائی پاس، کواری روڈ، پشتون آباد، میاں غنڈی، سبزل روڈ، بروری روڈ اور مغربی بائی پاس پر لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات کی صورت میں ایمبولینس کاعملہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی سہولیات کے پیش نظر بلوچستان کے دور دراز اضلاع میں ایمبولینس کی اشدضرورت ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان کے ایڈوائزر میر اعجاز سنجرانی اور مسلم ایڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں پی پی ایچ آئی بلوچستان کو ضلع چاغی کیلئے ایمبولینس فراہم کی۔