سانگھڑ / عمرکوٹ / بدین / ٹھٹھہ / نواب شاہ: ضلع بھر میں تبلیغی جماعت سے وابستہ80 افراد کے کورونا ٹیسٹ میں سے 11 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں تبلیغی جماعت سے وابستہ80 افراد کے کورونا ٹیسٹ میں سے 11 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کو مزید سخت بنایا جائے گا ۔جو دکاندار لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر عمل نہیں کرے گا اس کی دکان بھی بند کرادی جائے گی۔ وہ ایک اجلاس کے صدارت کر رہے تھے جس میں ایس ایس پی ذیشان صدیقی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مراد عباسی، پاک آرمی، رینجرز اور چیمبر آف کارس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ11ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ضلع بھر کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔ 30اپریل تک لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ لاک ڈاؤن کے دوران کھلی دکانوں پر صرف 2 افراد کام کر سکتے ہیں۔ انہیں ماسک، گلوز اور ٹوپی پہننا ہوگی اور سینیٹائرز کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ دکانوں کے آگے دائرے بنائے جائیں گے تاکہ سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے۔ تاجر برادری اس صورتحال کے پیش نظر تعاون کرے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں کوئی رعایت نہیں کی گئی ۔ تاجر نمائندوں ماسٹر شیر محمد اور حاجی یامین قریشی نے لاک ڈاؤن سمیت دیگر معاملات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
نوابشاہ میں مزید 14 افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت
دوسری جانب نواب شاہ کی لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں موجود تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے رابطے پر تصدیق کی کہ ضلع شہید بینظیر آباد میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اب 58 ہوگئی ہے اور جن 14 افراد کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے انہیں پیپلز میڈیکل کالج و اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔
عمرکوٹ میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آ گیا، خوف و ہراس
عمرکوٹ شہر میں کوروناوائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آنے کے بعدشدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ شخص کے چانہیو محلے میں مکمل لاک ڈاؤن کرا کے ہر قسم کی دکانین بند کرادی ہیں تاہم علاقے کو تاحال سیل نہیں کیا گیا ۔پاک فوج،رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے شہر بھر کا پیدل گشت کیا ۔ انہوں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ عمرکوٹ ضلع میں 14افراد آئی سولیشن سینٹروں میں موجود ہیں۔
بدین میں مزید 2 اافراد میں کورونا کی تصدیق، تعداد 4 ہو گئی
بدین کی تحصیل ٹنڈوباگو کے نوجوان اور تحصیل تلہار کے رہائشی کو طبیعت خراب ہونے پر آئسولیشن وارڈ منتقل کر کے ٹیسٹ رپورٹ کے لے نمونے کراچی روانہ کئے گئے جہاں سے رپورٹ پازیٹو آئی اور مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی۔اس سے قبل بدین اور گولارچی میں کرونا وائرس کا ایک ایک مریض میں تصدیق ہو چکی ہے۔ ضلع بدین میں اب تک چار افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ٹھٹھہ میں تبلیغی جماعت کے 2 ارکان کی رپورٹ مثبت
ٹھٹھہ میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو افراد میں کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آ گئی۔ ایک مسجد میں مولوی کو آئیسولیٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ مثبت آگئی ہے جو قصور کا رہائشی ہے جبکہ ٹھٹھہ کے چارن میمن گوٹھ میں کورونا کا کیس سامنے آیا ہے جو کچھ عرصہ پہلے تبلیغ کے لیے گیا تھا جس کی رپورٹ مثبت ہے۔
ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر حنیف میمن کا کہنا ہے کہ میڈیا سے بات نہیں کر سکتا۔ جبکہ ڈی سی ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے بتایا کہ ضلع میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 192 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے دو افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔