|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2020

بیجنگ: چین نے کورونا وائرس کی لیبارٹری میں تیاری کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے بھی وائرس کی لیب میں تیاری کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے محکمہ خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران کورونا وائرس کی لیبارٹری میں تیار کرنے کے الزام کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت بھی کورونا وائرس کے کسی لیبارٹری میں تیار ہونے کی تردید کی ہے۔

ترجمان چینی دفتر خارجہ نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے واضح بیان کے باوجود اگر کوئی ملک کورونا وائرس کی لیبارٹری میں تیاری ثابت کرنے کے لیے اپنی توانائی صرف کرنا چاہتا ہے تو خوشی سے اپنا وقت برباد کرسکتا ہے۔

چین کی وضاحت امریکی خفیہ ایجنسی کی جانب سے کورونا وائرس کے کسی لیبارٹری میں تیاری کی تحقیقات کا آغاز کرنے کے بیان کے بعد سامنے آئی ہے۔ امریکی نشریاتی اداروں کے مطابق تحقیقاتی ادارے کورونا کے ووہان کی لیبارٹری میں تیاری کی تفتیش کررہی ہے تاہم اکثر اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وائرس کے لیبارٹری میں تیاری کے امکان کم ہی ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے ابتدا سے ہی صدر ٹرمپ اس کو ’چائنا وائرس‘ کہہ کر پکارتے آئے ہیں جواباً چین نے بھی اس وائرس کو ووہان میں لانے کا الزام امریکی فوج پر عائد کیا تھا اور اس کے ثبوت میں امریکی محکمہ صحت کی انفلوئنزا کی اچانک پھیلاؤ سے متعلق ایک رپورٹ بھی پیش کی تھی۔