|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2020

مستونگ: اسسٹنٹ کمشنر مستونگ و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا منافع خوروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری، گران فروشی پر ایک قصائی کو گرفتار کرکے سٹی تھانہ منتقل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مستونگ کے خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ یاسر اقبال دشتی نے لیویز نفری کے ہمراہ بازار کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے سبزی مارکیٹ قصائی پرچون کے دکانوں دودھ دہی بیکری سمیت مختلف دکانوں کا معائنہ کرکے روز مرہ کے اشیاء خوردونوش کے چیزوں کی قیمتوں، معیار اور صفائی ستھرائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انھوں نے دکانوں سے خریداری کرنے والے عوام سے مختلف اشیاء کے ریٹس معلوم کیئے۔جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے والے ایک قصائی کو گرفتار کر کے۔

پولس کے حوالے کر دیا اور منافع خوری پر انکی دکان کو سیل کر دیا گیا۔دورے کے موقع پر یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ اس مقدس اور با برکت ماہ صیام میں کسی کو بھی منافع خوری، گرانفروشی اور عوام کیساتھ نا انصافی کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اگر کوئی بھی گرانفروشی کے مرتکب ہوا تو اسکا دکان سیل اور مالک کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی کی جائے گی۔

انھوں نے کہاکہ ماہ صیام ایک مقدس برکتوں کا مہینہ ہے جس میں ہر صورت عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا چیکنگ کا نظام مزید سخت کیاجائے گا۔انہوں نے کہا عوام سے بھی اپیل ہے کہ انتظامیہ کیساتھ تعاون کرتے ہوئے چیزیں مہنگے داموں فروخت کرنے، غیرمعیاری، زائد المعیاد اشیاء فروخت کرنے والے تاجروں کا بلا خوف و خطر نشاندہی کر یں تاکہ انتظامیہ بروقت انکے خلاف کاروائی عمل میں لاسکے۔