|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2020

کراچی: سندھ میں کورونا لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق اہم اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوگا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صدر مملکت کو اعتماد میں لیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی پہنچ گئے ہیں اور آج وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت کریں صدر مملکت کو کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت کے اقدامات اور صوبے میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کیاجائیگا۔

اجلاس میں وفاقی صوبائی حکومت کے ارکان این ڈی ایم اے دیگر اداروں کے حکام اور طبی ماہرین شریک ہونگے.علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہاوس میں صدر مملکت کے ساتھ اہم اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا.ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بازاروں اور کاروبار کو فارمولے کے تحت کام کرنے کی اجازت دینے پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزراء، اور متعلقہ حکام نے کورونا کی صورتحال اور تاجروں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں تجویز دی گئی کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ایس او پیز اور طے شدہ شرائط کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دیدی جائے تاکہ بازار اور تجارتی مراکز بھی کھلیں، عید کے حوالے سے خرید و فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہو اور کورونا کی وبا بھی کنٹرول میں رہے۔سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں یکم مئی جمعہ سے مشروط نرمی کے امکانات سے متعلق کچھ امور طے کئے ہیں جنہیں آج جمعرات کو صدر مملکت اور وفاقی حکام کے سامنے منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

اور وزیراعلیٰ سندھ اس حوالے سے جمعرات کو صدر اور وزیراعظم کو اعتماد میں لیں گے۔اجلاس میں کورونا ٹاسک فورس کے کئی ارکان نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر تشویش ظاہر کی ہے ٹاسک فورس کو تشویش ہے کہ کورونا کی صورتحال میں سرکاری اسپتالوں میں خاطرخواہ اقدامات نہ کئے جا سکے. واضح رہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کی مدت آج 30 اپریل جمعرات کو ختم ہورہی ہے وزیر اعلی ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی کا فیصلہ کیا جائے گا۔