کوئٹہ: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے چلڈ رن ہسپتال کوئٹہ کو 70لاکھ روپے مالیت کی جدید بائیو کیمیکل ٹیسٹ مشین فراہم کردی گئی،مشین کی فراہمی سے ہسپتال میں کئی مہنگے ٹیسٹ مفت کئے جا سکیں گے، یو این ایچ سی آر کوئٹہ کے سربراہ زیفنایہ امیوری کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے صوبائی حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی کی بہتری میں معاونت جاری ہے۔
اس سلسلے میں کوئٹہ کے چلڈرن ہسپتال کو 70لاکھ روپے مالیت کی جدید ترین ٹیسٹنگ مشین فراہم کردی گئی ہے جس سے یوریا، کرٹینین، کولسٹرول، یورک ایسڈ، ٹرائی گلسرائیڈ، کیلشیم سمیت دیگر ٹیسٹ کئے جا سکیں گے،انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ٹیسٹ مشین نہ ہونے کی وجہ سے یہی ٹیسٹ فی مریض باہر سے 2ہزار روپے میں کرواتے تھے جو اب ہسپتا ل میں مفت ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر بلوچستان میں صحت کا نظام مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ مہاجرین اور پاکستانی شہریوں کی بھی مدد کرنا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں یواین ایچ سی آر پاکستان کی کورونا وائرس سے لڑنے میں بھی مدد کررہا ہے اور ساتھ ہی اپنے بنیادی مقاصد پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل سپرٹینڈنٹ چلڈرن ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر شیر احمد ساتکزئی نے کہا کہ مشین کی فراہمی سے ایک گھنٹے میں 60مریضوں کے ٹیسٹ کئے جا سکیں گے جس سے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو اہم ترین سہولت فراہم ہوگی۔