|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2020

کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے عالمی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے، وفاق کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کرایا جارہاہے، عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو مزید سخت فیصلے کرنے پڑیں گے، اگر مکمل لاک ڈاؤن کی طرف گئے تو اس کا مطلب کرفیو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں مزید 53 نئے کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں اب تک 880 کورونا وائرس کے مقامی کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 1031 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے عالمی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

وفاق کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کرایا جارہاہے، عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو مزید سخت فیصلے کرنے پڑیں گے، اگر مکمل لاک ڈاؤن کی طرف گئے تو اس کا مطلب کرفیو ہوگا۔ لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ اب تک لاک ڈاؤن کیخلاف ورزی پر کوئٹہ میں 70 لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے ہیں جبکہ حکومت نے ایک لاکھ 53 ہزار خاندانوں میں سے 1 لاکھ 29 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح اسپتال میں مزید ایک پی سی آر مشین نصب کردی گئی ہے اس وقت ہماری روزانہ 800 ٹیسٹنگ کی صلاحیت موجود ہے۔ این ڈی ایم نے مزید 7320 پی پی ای کٹس، 85 ہزار ماسک اور دیگر سامان فراہم کیاگیا ہے۔