|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2020

کوئٹہ: پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیراہتمام بلوچستان بھر میں یوم مئی انتہائی سادگی سے منایا گیا یوم مزدور کے موقع پرکورونا وائرس کے پیش نظر اور حکومتی احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے شکاگو کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی جلسے کی صدارت کنفیڈریشن کے صدر عبدالسلام بلوچ نے کی۔

جبکہ مہمان خاص پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے سیکرٹری محمد حسن بلوچ تھے جلسہ سے عبدالسلام بلوچ، محمد حسن بلوچ، علی بخش جمالی، پیر محمدکاکڑ، منظور بلوچ، کامریڈ عبدالحمید، محمد زمان، بابو محمد اشرف، عزت اللہ کاکڑ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ محکوموں، مظلوموں اور غلاموں کی بڑی طویل صبر آزما جدوجہد صدیوں سے جاری ہے۔

جب زمین پر چند طاقتور لوگوں نے لکیریں کھینچ کر اپنے حق ملکیت کا دعویٰ کیا اور کمزور اور محکوم عوام پر ظلم و جبر کیا اور انہیں اپنے دست نگر و غلام بنایا طاقتور ظالم طبقات نے زمین کی غیر منصفانہ تقسیم کا آغاز کیا اور عوام سے جبری مشقت لینا شروع کردیا تب سے دنیا میں طبقاتی جنگ کا آغاز ہوا شکاگو کے محنت کشوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دیکر دنیا بھر کے مزدوروں کو پیغام دیا کہ زندہ رہنے کا حق استحصالی نظام کو ختم اور مزدور، کسانوں کیلئے راستے کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شکاگو کے شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر دنیا بھر کے مزدوروں کیلئے کام کے اوقات کار 8 گھنٹے مقرر کئے اور انجمن سازی کا حق حاصل کیا مزدوروں کی فلاح و بہبود قانون سازی کا عمل جاری ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ مزدوروں کے حقوق کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔