|

وقتِ اشاعت :   May 2 – 2020

عراق  میں داعش کے حملے میں سرکاری ملیشیا ‘حشد الشعبی’ کے 10 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق داعش اور عراق کے نیم فوجی دستوں کے درمیان صوبہ صلاح الدین میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

عراقی میڈیا کے مطابق بلاد شہر میں ہونے والے حملے میں حشد الشعبی کے 10 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ داعش کے متعدد جنگجو بھی مارے گئے۔

خیال رہے کہ  حشد الشعبی عراق میں متعدد چھوٹی بڑی عسکریت پسند تنظیموں کا  گروہ ہے جسے 2017 میں داعش کے خلاف لڑنے کے لیے جمع کیا گیا تھا اور اسے سرکاری نیم فوجی دستے کی حیثیت بھی دی گئی تھی۔

اس میں شامل تمام رضاکار مسلح افواج کا حصہ سمجھے جاتے ہیں اور انھیں فوجیوں کو ملنے والی تمام مراعاتیں اور حقوق حاصل ہیں۔

عراق میں داعش کو شکست دینے میں اس اتحاد کا کافی اہم کردار رہا ہے اس لیے یہ اکثر و بیشتر داعش کی کارروائیوں کا نشانہ بنتی رہتی ہے۔

داعش کی جانب سے گذشتہ ماہ سے عراق میں  حملوں میں اضافہ ہوا ہے، گذشتہ دنوں بھی کرکوک میں ہونے والے  انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر پر حملے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔