کوئٹہ: ہرنائی، سبی، نوکنڈی، ڈیرہ مرادجمالی، چھتر،منجھوشوری، باباکوٹ، میرحسن،پیروپل اورنصیرآبادکے مختلف علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ موسلادار بارش ندی نالوں میں طغیانی،شدید بارش سے بلوچستان کا پنجاب سے زمینی رابطہ منقطع اور منجھوشوری میں آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق۔
تفصیلات کے مطابق ہرنائی وگردونواح میں ہلکی جبکہ پہاڑی سلسلوں میں گرچ چمک کے ساتھ موسلادار بارش ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک عارضی طورپر معطل ہوگئی۔ ادھر نوکنڈی اور گردونواح میں موسلادھار بارش،گرمی کا زور ٹوٹ کر موسم خوشگوار ہوگیا،گزشتہ کہیں دنوں سے نوکنڈی اور گردونواح شدید گرمی کی لپیٹ میں تھے بدھ کی شب تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
دوسری جانب نصیرآباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے موسم خوشگوارہوگیا کچے علاقوں کے راستے بند ہو گئے منجھوشوری میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا شدید بارش کے باعث ڈیرہ مراد جمالی شہر میں بارش کا پانی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگا میونسپل کمیٹی نے شہر اور گلیوں سے بارش کا پانی نکالنے کے لیئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نصیرآباد کے مختلف علاقوں ڈیرہ مرادجمالی، چھتر،منجھوشوری، باباکوٹ، میرحسن،پیروپل،کے نواحی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی جوکہ رات گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہا بارش کے باعث دیہی علاقوں کا شہروں سے زمینی راستہ عارضی طورپرمنقطع رہابارشوں کے باعث علاقے میں موسم خوشگوارہوگیابارش کے سبب نشینی علاقے زیر آب آ گئے کچے راستے بند ہونے کی وجہ سے عوام کو آمدرفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جبکہ ڈیرہ مراد جمالی شہر میں بارش کا پانی جمع ہونے سے گلیاں اوربازار تالابوں کا منظر پیش کرنے لگے سیوریج کا پانی قومی شاہراہ پر کھڑا ہونے کی وجہ سے عوام اور تاجر برادری کو شدید دقت کا سامنا کرنا پڑاجبکہ منجھوشوری آسمانی بجلی گرنے پرگوٹھ معیم خان منجھو کے رہائشی14 سالہ راحب خان مری جاں بحق ہوگیا۔ نصیرآباد میں طوفانی بارش کے باعث سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پربارش کاپانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت میں خلل اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگیا تھا۔
جس کے ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد حافظ محمدقاسم کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر چیف آفیسر ڈیرہ مرادجمالی حاجی آزاد خان گرانی کی نگرانی میں میونسپلٹی عملہ نے مشینری کے ذریعے بارش کا پانی نکالا،بازار کی مختلف مارکیٹوں سے بارش کا پانی نکالنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے د ی گئیں صفائی مہم کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک میونسپلٹی ملازم بھی زخمی ہوگیا جسے علاج کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
چیف آفیسر ڈیرہ مراد جمالی حاجی آزاد خان گرانی نے بتایا کہ میونسپلٹی عملہ صبح سویرے سے بارش کا پانی نکالنے میں مصروف عمل ہے سندھ بلوچستان قومی شاہرہ پر کھڑاپانی پمپنگ مشینوں کے ذریعے نکالاجارہا ہے شدید بارش کے باعث نکاس آب سسٹم بند ہو جانے سے گندہ پانی قومی شاہرہ پر نکل آیا جسے اب مشینوں کی مدد سے نکالا جارہا ہے عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ہمارا عملہ پیش پیش ہے اور کام کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔