|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2020

کوئٹہ: مجلس وحدت مسلمین کے رہنما و سابق صوبائی وزیر سیدآغا رضا، عوض علی، ارباب لیاقت علی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ناکام پالیسی کی وجہ سے کرونا پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے،ایک طرف بازار کھولنے کی اجازت دوسری جانب امام بارگاہوں اور مساجد پر پابندی لگا کر حالات خراب کی کوشش کی جارہی ہیں انتظامیہ نے اگر ہماری کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر واپس نہیں لی تو بھر پور احتجاج کرینگے۔

ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے امام بارگاہوں کے باہر جلوس نکالنے والے عزاداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے یہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومت کا فرقہ وارایت پھیلانے کا منصوبہ ہے جسے ہم کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت اس ملک کے شہری کورونا وائرس کے خلاف شروع دن سے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔

اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا ہے جس کی وجہ سے آج تک ہزارہ ٹاون اور علمدار روڈ پر کوئی بھی کورونا وائرس کا کیس سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک طرف شہر میں لاک ڈاؤن ختم کرکے شام پانچ بجے تک بازاروں میں کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

جہاں کہیں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا، کیا بازاروں میں کورونا نہیں پھیل رہا صرف مساجد اور امام بارگاہوں میں مذہبی عبادت کرنے سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے حکومت کی اس پالیسی کی ہم مذمت کرتے ہیں۔