پچھلے دو ماہ کے دوران جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے یومیہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں آج سے سکول کھولے جا رہے ہیں اور 20 لاکھ بچے اپنی پڑھائی دوبارہ شروع کریں گے۔
24 گھنٹوں میں 40 نئے مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ گذشتہ 49 دنوں میں یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
جنوبی کوریا میں لاک ڈاؤن نہیں کیا گیا تھا تاہم سکولوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ اب حکام سکولوں کو مرحلہ وار کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تازہ ترین کیسز میں تیزی کی وجہ سے ملک میں اساتذہ پریشان ہیں اور اب وہ اور بھی زیادہ احتیاط کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہِ صحت کے حکام کلاس رومز میں احتیاطی تدابیر کا جائزہ لے رہے ہیں اور طلبہ کو واپس سکول جانے سے پہلے یہ بتانا ہوتا ہے کہ کہیں ان میں کورونا وائرس کی کوئی علامات تو نہیں ہیں۔
جنوبی کوریا کے کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کی عالمی سطح پر تعریف کی گئی ہے اور ملک میں اب تک صرف 270 اموات ہوئی ہیں۔