پریمیئر لیگ کے کلبز نے متفقہ طور پر’کونٹیکٹ ٹریننگ‘ کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ جب بھی محفوظ سمجھا جائے گا سیزن کو دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔
13 مارچ کو عالمی وبا کی وجہ سے انگلینڈ کی پریمیئر لیگ کو معطل کر دیا گیا تھا لیکن ’نان کونٹیکٹ ٹریننگ‘ کو 19 مئی کو دوبارہ شروع کر دیا گیا تھا۔
پریمیئر لیگ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کلبز، کھلاڑیوں، مینیجرز، پی ایف ایے، ایل ایم اے اور حکومت سے مشاورت کے بعد اس تبدیلی پر اتفاق کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تربیتی میدان میں ممکنہ طور پر محفوظ ترین ماحول ہو سخت طبی ہدایات اپنائی گئی ہیں اور کھلاڑیوں اور دیگر عملے کا ہفتے میں دو مرتبہ کووڈ۔19 ٹیسٹ ہوتا رہے گا۔‘
بدھ کو کورونا وائرس کے تیسرے دور کے نتائج شائع کیے جا رہے ہیں۔ ابھی تک پریمیئر لیگ کے ایک ہزار 744 ٹیسٹ کیے گئے کھلاڑیوں میں سے 8 کے کورونا وائرس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔