|

وقتِ اشاعت :   May 27 – 2020

نوکنڈی: سیندک پراجیکٹ میں کام کرنے والی چینی کمپنی ایم سی سی ریسورس ڈویلپمنٹ لمیٹڈ (ایم آر ڈی ایل) نے اپنی آبائی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا (ایم سی سی) کے تعاون سے سیندک اور آس پاس کے 6 دیہاتوں کے 400 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا۔ ایم آر ڈی ایل سیندک کے دفتر کی طرف سے جاری ایک اخباری بیان کے مطابق، راشن کی تقسیم کے پروگرام میں ایم آر ڈی ایل کے صدر مسٹر ڑانگ ڑیجن نے کہا کہ “میں سیندک کو اپنا دوسرا گھر اور آس پاس کے دیہات کے لوگوں کو اپنا بھائی مانتا ہوں،” انہوں نے مزید کہا، “میرے خیال میں ہم ایک کنبے کی طرح ہیں۔

اور یہ رشتہ ہر مشکل میں جاری رہے گا۔ ہمیں ہر مصیبت اور پریشانی اور خوشی میں ساتھ رہنا چاہئے۔ ” انہوں نے کہا کہ بطور کمپنی صدر وہ اپنے ہمسایہ خطے کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مشکل اوقات میں ایک دوسرے کی مدد کرکے پاک چین دوستی کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ بیان کے مطابق ایم آر ڈی ایل کے صدر نے کہا کہ “جب عالمی سطح پر وبائی مرض کوڈ-19 کی وجہ سے حالیہ عرصے میں پورے پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا۔

اسی طرح سیندک اور اس کے آس پاس کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں لیکن ایم آر ڈی ایل کمپنی اپنے 18 سال کے دوستوں اور ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے جس کے تحت ان سب کے لئے راشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔