معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ میت سے زندہ انسانوں میں کورونا وائرس منتقل ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں، کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین کے حوالے سے نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کے 64 ہزار کنفرم کیسز ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2636 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ 35 فیصد مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک کورونا کے 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرچکے ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں سب سےزیادہ 57 مریض جاں بحق ہوئے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 157 لوگ وینٹی لیٹر پر ہیں، وینٹی لیٹر پر وہی مریض جاتے ہیں جن کے پھیپھڑے کام کرنا چھوڑ جاتے ہیں، وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
ڈاکٹر ظفرمرزا نے بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا سے 3 لاکھ 62 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔