وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے کورونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات پر بند کیے گئے مدارس کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔
وفاق المدارس العربیہ کا مولانا قاضی عبدالرشید کی زیرصدارت جامعہ اشرفیہ میں اجلاس ہوا جس میں 2 جون سے مدارس میں داخلے اور 12جون سے تعلیمی کلاسوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں مولانا قاضی عبدالرشید کا کہنا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ تیار کردہ 20 نکاتی ایس اوپیز پر کسی شعبہ نے عمل نہیں کیا لہذا جب شاپنگ مالز، ٹرانسپورٹ، بازار، کھل سکتے تو مدارس کیوں نہیں کھل سکتے۔
مولانا قاضی عبدالرشید نے مزید کہا کہ حتمی فیصلہ وفاق المدارس العربیہ اور اتحاد تنظیمات المدارس کی قیادت کرےگی۔
اس موقع پر مولانا قاضی عبدالرشید نے حضرت عمربن عبدالعزیز کی قبر کی بےحرمتی کی مذمت بھی کی۔
واضح رہے کہ وفاق المدارس کے تحت شعبہ حفظ وشعبہ کتب کے امتحانات 21 مارچ کو ہونا تھے تاہم ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ صورتحال کے پیش نظر امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں جب کہ اس کے ساتھ ساتھ مدارس بھی بند کرنے کا احکامات دیے گئے تھے۔