ترجمان محکمہ صحت نے کوئٹہ میں کورونا سے انتقال کرجانے والے ڈاکٹر زبیر کے حوالے سے کہا کہ کورونا سے انتقال کرنے والے ڈاکٹر زبیر ہائی بلڈپریشر اور ذیابیطس میں بھی مبتلا تھے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر زبیر محکمہ صحت کے سینئر اور باصلاحیت افسر تھے، اُنہیں تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔
ترجمان محکمہ صحت نے کہا کہ ڈاکٹر زبیر نے گھر میں آئسولیٹ ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور رپورٹ کے بعد دو دن تک کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ڈاکٹر زبیر نے محکمہ سے رابطہ کیا جس کے بعد فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ڈاکٹر زبیر کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ طبی امداد کی فراہمی کے باوجود ڈاکٹر زبیر جانبر نہ ہو سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مقررہ اسپتالوں میں ماہرین طب، ادویات اور وینٹی لیڑز دستیاب ہیں، اسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کا تاثر درست نہیں۔