تربت: یونیورسٹی آف تربت میں ای لرننگ اور دیگرتعلیمی معاملات سے متعلق ایک اہم اجلاس ویڈیوکانفرنس روم میں منعقدہوا۔جس کی صدارت تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کی۔
اجلاس میں تربت یونیورسٹی کے رجسٹرارغلام فاروق بلوچ، فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسرڈاکٹرعبدالصبوبلوچ،فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن کے ڈین پروفیسرڈاکٹرگل حسن،فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ کے ڈین ڈاکٹرحنیف الرحمان، کنٹرولرامتحانات تنویر احمد، ڈائریکٹرگوادرکیمپس اعجاز احمد،شعبہ کمپیوٹرسائنس کے چیئرمین مختار حسین، چیئرمین شعبہ لاء محمودامیر، چیئرمین شعبہ تعلیم منظور احمد اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان اورافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ای لرننگ،موجودہ صورتحال کے پیش نظر سپرنگ سمسٹر2020 کے امتحانات کے طریقہ کار، لیکچرز اورکورس مواد کی سسٹم پر اپ لوڈنگ اور انکی طالب علموں تک رسائی اورفال سمسٹر2020میں تدریسی سرگرمیوں اور امتحانات سے متعلق معاملات کے علاوہ دیگراہم تعلیمی امورپرغورکیاگیااور ای لرننگ کے حوالے سے اس ریجن میں دستیاب سہولیات اور درپیش چیلنجزکومدنظررکھ کر فیصلے کئے گئے۔
اس موقع پروائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے ای لرننگ اور ایل ایم ایس کی سہولت کی انسٹالیشن،فیکلٹی و دیگر اسٹاف کی ٹریننگ اور تیکنیکی معاملات کے بارے میں آئی بی اے سکھر سے فنی معاونت کے سلسلے میں ہونے والے پیش رفت کے حوالے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں رجسٹرار غلام فاروق بلوچ، پروفیسرڈاکٹرعبدالصبوربلوچ،پروفیسرڈاکٹرگل حسن، ڈاکٹرحنیف الرحمان اور تنویر احمد کے علاوہ دیگر تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان نے کرونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے پیداہونے والی صورتحال میں اسٹوڈنٹس کے تعلیمی سال کو بچانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔