|

وقتِ اشاعت :   June 17 – 2020

کوئٹہ: سابق صدر آصف علی زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، دونوں رہنماوں کے درمیان کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں حکومت کی مجرمانہ غفلت پر تبادلہ خیال ہوا، سابق صدر آصف زرداری اور سردار اختر مینگل نے ٹِڈی دَل کے حملوں کو روکنے میں حکومتی ناکامی اور بڑھتی غربت پر بھی بات چیت کی،

سابق صدر آصف علی زرداری سے سردار اختر مینگل نے ان کی صحت بھی دریافت کی، سردار اختر مینگل نے کہا کہ ملک کو صدرزرداری جیسے سیاست دان کی ان حالات میں زیادہ ضرورت ہے کہ جب حکمرانوں کی غفلت کے سبب صورت حال دن بدن خراب ہورہی ہے، آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں معیشت کو سہارا دیا ہے،

پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک، جمہوریت اور غریبوں کو مضبوط کیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ اور امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنادیا ہے پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔