کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ عوام دشمن سیاسی اشرافیہ سے تنگ خصوصاً نوجوانوں نے بلوچستان عوامی پارٹی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور نوجوانوں نے اپنا مستقبل بلوچستان عوامی پارٹی کے سپر د کردیا۔موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی توقعات کے عین مطابق امن وامان تعلیم، صحت، پولیس اور خدمات کے دیگر شعبوں میں عوامی خدمت کا نیا اسلوب متعارف کرایا ان خیالات کا اظہار وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
خدمات کی فراہمی کا یہ اسلوب اگر چہ صوبے کے عوام کیلئے نیا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کرے اور ہر حکومت کو یہ ذمہ داری سمجھنی چاہیئے مگر بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس ذمہ داری کا احساس نہیں کیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے اس مردہ احسا س کو زندہ کیا اور سرکاری وسائل کو عوام کی فلاح کیلئے خرچ کیاجو روایتی سیاستدانوں اور عوام دشمن عناصر کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے۔
ہمارے ان اقدامات سے مخالفین پریشان ہیں۔ بدعنوان مافیا کے نااہل اور کرپٹ نظام سے مفادات وابستہ تھے۔ جس کو عوام کی فکر ہے اُنہوں نے عوامی خدمت کا قابل عمل منشور ہے تاہم جوہماری بساط اور اختیارات میں ہے عوام کو سہولیات دینے کیلئے بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ہماری حکومت نے تباہ کردہ اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔
صوبے بھر میں ٹوٹے پھوٹے انفراسٹرکچر کو ٹھیک کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری اصلاحات اور اقدامات کی وجہ سے مفاد پرست عناصر کو تکلیف ہوئی ہے مگر ان کی اس تکلیف میں عوام کی آسانی پوشیدہ ہے۔
اب ادارے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ میرٹ اور شفافیت کی بالادستی کی وجہ سے عوام مطمئن ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اگر پہلی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتیں تو آج حالات مختلف ہوتے اور ہم اصلاحات کے عمل میں دو قدم آگے ہوتے۔ وزیر داخلہ نے کیا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں جس شفاف نظام کی بنیاد رکھی ہے خدمات کی فراہمی کا یہ عمل مزید بہتر ہورہا ہے۔