تربت: ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان ساوتھ میں تاجر برادری و کاروباری شخصیات نے انجمن تاجران کے صدر اسحاق دشتی کے سربراہی میں آئی جی ایف سی ساؤتھ میجرجنرل سرفراز علی سے ملاقات کی۔ملاقات میں تربت کے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ تربت کے لوگوں نے وہ وقت بھی دیکھا ہے کہ جب کئی دنوں تک ہڑتال کی وجہ سے کاروبار بند ہوا کرتے تھے۔
مگر ایف سی کی کاوشوں کی وجہ سے اب وہ دن ختم ہوگئے۔تاجروں کی جانب سے موبائل انٹرنیٹ فور جی کھولنے کی تجویز پر آئی جی ایف سی نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جارہاہے کیونکہ کورونا کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش نے طلباء کی تعلیم کا بہت نقصان کیا ہے اور اس نقصان کو پورا کرنے کے لیے آن لائن ایجوکیشن موجودہ وقت کی ضرورت ہے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے تاجر رہنما اسحاق دشتی نے نشے کی لعنت سے تربت کو پاک کرنے کے لیے بھی ایف سی کی خدمات کو سراہا جس پر آئی جی ایف سی کا کہنا تھا نشہ ہماری نوجوان نسل کی سب سے بڑی دشمن ہے جس کی وجہ سے ہماری نسل تباہ ہورہی ہے۔ تاجر برادری نے آئی جی ایف سی کو موجودہ مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تربت مکران کے اکثر لوگوں کے کجھور کے باغات ہیں مگر برآمدی سہولیات اور کوئی فیکٹری نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی کجھوریں ضائع ہوجاتی ہیں۔
اس پر آئی جی ایف سی نے کہا کہ ایف سی ساؤتھ تربت شہر میں کجھور پروسسنگ فیکٹری بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے بہت سے بے روزگار لوگ بھی برسر روزگار ہوجائیں گے اور مکران کی کجھور کو ملک کے دیگر شہروں تک باآسانی پہنچایا جائیگا۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ تربت کو لنک کرنے والی سڑکیں عوام کی ضرورت ہیں اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سے بھی گفتگو کی ہے۔
بلیدہ سے تربت کا روڈ جو کافی عرصہ سے خستہ حال ہے اسے بہتر کرنا بہت اہم ہے۔ تجارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آئی جی ایف سی کا کہنا تھا پہلے مرحلے پر ایران کا بارڈر کھولا جائے گا اور حالات کہ پیش نظر مزید بارڈرز کو کھولنے کے لیے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔تاجر رہنماوں نے ایف سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربت اور بلوچستان میں امن کی وجہ ایف سی ہے جس سے ہم بہت خوش ہیں اور ایف سی کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔