بلوچستان کو نظرانداز کرنا سلیکٹڈ حکومت کی ایک اور سنگین نااہلی ہے:بلاول بھٹو زرداری
کوئٹہ؛پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی کے درمیان ملاقات بلاول بھٹو زرداری نے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر شاہزین بگٹی کے مؤقف کو سراہا
تفصیلات کے مطابق پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور شاہزین بگٹی کے درمیان قومی معاملات میں ساتھ چلنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران شاہ زین بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کے دور میں بلوچستان کو آغازِ حقوق کا خصوصی پیکج ملا، پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھا، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے
کہا کہ بلوچستان کو نظرانداز کرنا سلیکٹڈ حکومت کی ایک اور سنگین نااہلی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دے گی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر شاہزین بگٹی کے مؤقف کو سراہا