|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2020

مستونگ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بازار میں بیکری مٹھائی اور دیگر دکانداروں کے خلاف کاروائی کے خلاف انجمن تاجران کا شدید احتجاج، بازار میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال، پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ تفصیلات کے مطابق آج بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں اور اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کی جانب سے بازار میں چیکنگ کے دوران بیکری اور دیگر دکانوں کو سیل کرنے اور دکانداروں کو بلا جواز بھاری بھرکم جرمانہ عائد کرنے کے خلاف انجمن تاجران بازار یونین کے صدر حاجی غلام سرور شاہوانی کی اعلان پر تاجر برادری کی جانب سے شہر میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی۔

ہڑتال کے دوران شہر کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز پرچون بیکری میڈیکل سمیت تمام دکانیں بند ہوئی۔شٹرڈاون ہڑتال کے بعد کارواِئی کے خلاف تاجربرادری برادری کی جانب سے سراوان پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیااور ضلعی انتظامیہ کے تاجر دشمن کاروائیوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

اس موقع پر مظاہرین سے انجمن تاجران بازار یونین کے صدر حاجی غلام سرور شاہوانی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء میر سکندر خان ملازئی بلوچستان نیشنل پارٹی کے تحصیل مستونگ کے صدر و بازار یونین کے سر پرست اعلی حاجی اورنگزیب قمبرانی پی ٹی آئی کے صدر چیئرمین نزیر احمد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ کے نااہل اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے آئے روز ایس او پیز کے نام پر تاجربرادری کے دکانوں میں توڑ پھوڑ، دکانیں سیل اور دکانداروں کو اپنی جیب خرچی کی خاطر بھاری بھرکم جرمانہ عائد کر کے تاجربرادری کی کاروبار زندگی تباہ کر کے فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلاجواز کاروائیوں سے اب تاجر برادری کی صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکی ہے مزید کسی بھی قسم کے یہ آمرانہ کاروائیاں برداشت نہیں کرینگے۔مقررین نے کہا کہ کرونا کے نام پر پہلے دو سے تین ماہ کے لیے بازاروں میں لاک ڈاون کرکے تاجربرادری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور کرایوں کی مد میں لاکھوں کا مقروض بنایا گیا اب دکانوں میں صفائی ستھرائی اور کرونا ایس او پیز کے نام پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ نے تاجر برادری کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں مقررین نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کی انتہائی ابتر صورتحال اسٹریٹ لائٹس کی عدم درستگی اور ترقیاتی کاموں میں مبینہ کرپشن و کمشن خوری اور بازار کو نظر انداز کرنے کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی۔ میونسپل کمیٹی کی جانب سے بازار میں صفائی کی خراب صورتحال کے بحالی کیلئے اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے شہر گندگی کے ڈیر میں بدل ہو چکی ہے۔

جس سے عوام اور تاجربرادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انجمن تاجران بازار یونین رہنماوں اور نیشنل پارٹی بی این پی اور پی ٹی آئی نے چیف سکیریٹری بلوچستان سے مطالبہ کر دیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کی غیرقانونی اقدامات اور چیف آفیسر مستونگ کی نا اہلی کا نوٹس لے کر دونوں موصوف آفسران کو فوری طور پر مستونگ سے تبادلہ کرے۔بصورت دیگر ہماری یہ احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔دریں اثناء انجمن تاجران کی جانب سے کل بروز منگل کو شہر میں پھر مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔