|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2020

کوئٹہ : سیکریٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ ” صدیق بلوچ“میڈیا اکیڈمی کاتعمیراتی کام آئندہ وماہ میں مکمل کرلیاجائیگا،وزیراعلیٰ بلوچستان میرجام کمال خان رواں سال اکیڈمی کاافتتاح کرینگے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کے روز”صدیق بلوچ اکیڈمی “کے تعمیراتی کام کامعائنہ کرنے کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدرکوئٹہ پریس کلب رضاالرحمن ، آصف بلوچ،سینئرصحافی خلیل احمدودیگر نے بھی موجودتھے۔

 

محکمہ مواصلات کے ایکسئین اورایس ڈی اونے سیکریٹری مواصلات وتعمیرات کومنصوبے پر جاری کام سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی۔سیکریٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل نے تعمیراتی کام کے معیارپراطمینان کااظہارکرتے ہوئے بتایاکہ جون 2020کومنصوبے پر کام مکمل ہوناتھا جو کہ کرونا وائرس ودیگر معاملات کی وجہ سے تاخیر کاشکارہوگیا تاہم ”صدیق بلوچ میڈیااکیڈمی“کے منصوبے پر تعمیراتی کام آئندہ ایک سے دوماہ میں مکمل کرلیاجائیگا

اوروزیراعلیٰ بلوچستان میرجام کمال خان عالیانی اکیڈمی کی نئی عمارت کاافتتاح کرینگے۔انہوں نے محکمے کے آفیسران کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے معیارکوبہترسے بہتربنانے کیلئے کوشاں ہیںانہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیاری تعمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگامحکمے کے آفیسران وملازمین تعمیراتی کاموں کے معیارکوملحوظ خاطررکھتے ہوئے منصوبوں کی معیاری تکمیل کویقینی بنائیںجس سے نہ صرف محکمے کی نیک نامی ہوگی

بلکہ صوبائی حکومت کے وژن کو بھی تقویت ملے گی ،انہوںنے کہا کہ میڈیا اکیڈمی کی عمارت کی تعمیر میں مزید بہتری لانے کیلئے بعض اہم اقدامات کی ضرورت ہے عیدالاضحی کے بعددوبارہ منصوبے کامعائنہ کریںگے،اس موقع پرانہوں نے محکمے کے ایکسیئن اورآفیسران کو اکیڈمی کی عمارت کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کیں۔

صدرکوئٹہ پریس کلب رضاالرحمن نے سیکریٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل کے دورے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ”صدیق بلوچ میڈیا اکیڈمی “کے قیام سے صحافیوں کادیرینہ مطالبہ پوراہوگا،اکیڈمی صحافیوں کے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگی ،انہوںنے کہا کہ میڈیا اکیڈمی میں نئے آنیوالے صحافیوں اورمیڈیااینڈجرنلزم کے شعبے سے منسلک طلباءوطالبات کو بھی تربیت دی جائیگی۔