|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2020

تفتان: سیندک کاپر اینڈ گولڈ پراجیکٹ میں خام مال بنانے کا کام 8 مہینے کے بعد دوبارہ بحال ہو گیا اس موقع پر سیندک پراجیکٹ میں کام کرنے والی چینی کمپنی ایم آر ڈی ایل مینجمنٹ کی طرف سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں سیندک پراجیکٹ اور ایم آر ڈی ایل مینجمنٹ کے ڈاریکٹرز، دیگر عہدہ داران نے شرکت کی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم آر ڈی ایل کمپنی کے چیئرمین مسٹر خوشوپنگ نے کہا کہ سیندک کاپر اینڈ گولڈ پراجیکٹ پاکستان اور چین کا عظیم منصوبہ ہے اور علاقے میں خوشحالی کا نوید لیکر آئے گا انہوں نے کہا کہ آج یہ کامیابی ایک فرد واحد کی کامیابی نہیں بلکہ ایک منظم ٹیم ورک کے سلسلے میں معرض وجود میں آئی ہے۔

سائندک پروجیکٹ سے جڑے ہوئے ہر شخص اور ادارے نے اپنی تمام تر ذمہ داریوں کو خلوص دل اور بخوبی نبھا کر ہی ایم آر ڈی ایل کمپنی کو اس عظیم کامیابی سے ہمکنار کرایا ہے انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ امور،این سی او سی،ایف سی،پولیس اور ایس ایم ایل کی مکمل حمایت کے تحت اس سنگ میل تک پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس پروجیکٹ کی بقاء کے لیے اور بلوچستان بلخصوص چاغی میں خوشحالی اور سماجی ترقی کو یقینی بنانے اور ایک مستحکم معاشی صورت حال تخلیق کرنے کے لیے سمیلٹر کی پیداوار دوبارہ شروع کرنا ایک انتہائی درجہ اہمیت کا حامل ہے۔