|

وقتِ اشاعت :   July 11 – 2020

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو بحران در بحران کا شکار کردیا ہے، اگر عمران خان کی حکومت 2ماہ مزیدچلی تو سسٹم کو سنبھالنا مشکل ہوجائیگا،

عزیر بلوچ کے پیپلزپارٹی سے تعلق کو ثابت کرنے والی پی ٹی آئی نے خود اسے پیپلز پارٹی کے خلاف استعمال کیا، عمران خا ن کی شکل میں ملک میں آمر مسلط ہے حکومت دو ماہ کی مہمان ہے پیپلز پارٹی نے پہلے بھی ملک کے لئے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی دینے سے گریز نہیں کریگی، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں چیف آف ابابکی سردار ثناء اللہ خان ابابکی کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی سے مستعفیٰ ہو کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، ولی محمد قلندرانی، میر ریاض شاہوانی سمیت دیگر بھی موجود تھے، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے ملک بحرانوں کا شکار ہوتا جارہا ہے جولوگ کنٹینر پر کھڑے ہوکر 1کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بنا نے کے دعوے کر تے تھے

انہوں نے اس بار بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں کیاجسکی ہم مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور حکومت کے ابتر اقدامات سے معیشت بیٹھ گئی ہے چمن میں بارڈر کی بندش سے ہزاروں لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے نااہل حکمرانوں نے پہلے ڈاکٹروں اور پھر طلباء و طالبات کو اپنا جائز حق مانگنے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور پابند سلاسل کیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں ملک پر آمر مسلط ہے علی زیدی قومی اسمبلی میں جو کاغذ لہراکر عزیز بلوچ کا تعلق پیپلز پارٹی سے جوڑ رہے ہیں اس رپورٹ میں پیپلز پارٹی کی کسی بھی اہم شخصیت کا نام نہیں ہے مراد سعید اور علی زیدی نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے

انہوں نے کہا کہ آج ہم وفاقی حکومت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ صرف دو ماہ کی مہمان ہے عمران خان دجال کا فتنہ ہیں جو اگر دو ماہ رہ گیاتو سسٹم بچانے میں بہت وقت لگے گا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت برسراقتدار نہیں لیکن پھر بھی اس میں شمولیتیں ہورہی ہیں لوگوں کو معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو قومیت،لسانیت، صوبائیت سے ہٹ کر فیڈریشن کی بات کر تی ہے ہم نے بلوچستان سے قوم پرستانہ سیاست کو ختم کرکے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر نا ہے ہم سب پاکستانی ہیں ہماری قومیت صرف شناخت کے لئے ہیں

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹم بم، سی پیک، 18ویں ترمیم جیسے تحفے دئیے جن سے ملک و قوم کا مستقبل روشن ہوا ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری عوام کے ووٹ سے منتخب ہو کر آئے اور وہ کام کئے جو تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے لیکن بدقسمتی سے ہمیں ہمیشہ الیکشن میں ناانصافی کرتے ہوئے دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ہے 52سال میں پیپلز پارٹی جس دور سے گزری ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات پیپلز پارٹی کاساتھ دیکر اسے مزید مضبوط کریں تا کہ ہم ملک کو لوٹوں اور جھوٹوں سے نجات دلا سکیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی ملک کو مضبوط کیا

اور آئندہ بھی کریگی تمام تر مظالم کے باوجودبھی ہم نے ملک کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیااور پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا انہوں نے کہا کہ سردار ثناء اللہ ابابکی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہوگی انکا قبیلہ بلوچستان اور سندھ میں آبادہے امید ہے کہ وہ پارٹی کو مضبوط کرنے میں کردار ادا کریں گے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار ثناء اللہ ابابکی نے پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہ

ا کہ وہ اپنی قوم کے معتبرین او ر ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک کی قیادت میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کی سیاست نے صوبے کو کچھ نہیں دیا یہ سیاست اب ناکام ہوچکی ہے بلوچستان کے لوگوں کی امیدیں اب پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں وہ اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی کو فعال بنا نے میں اپنا کردار ادا کریں گے،

اس موقع پر سردار زادہ میر دولت خان ابابکی،ثناء اللہ ابابکی، نعمت اللہ مری، ظہیر بلوچ، ٹکر ی موسیٰ خان ابابکی، ظاہر شاکر، فرید ابابکی ایڈوکیٹ، رحمت اللہ جیلانی، گہرام ابابکی، وارث ابا بکی سمیت دیگر نے پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا