|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2020

کوئٹہ:۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی محکموں کو تقرریوں، تبادلوں، ٹیندرنگ کے عمل سمیت تمام امور میں ہر قسم کے دباؤ سے محفوظ بنایا گیا ہے، اس کے باوجود اگر محکمے ترقیاتی منصوبوں میں بہتر کارکردگی نہیں دکھاتے تو انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا
ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، ٹھیک کام نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کاروائی اور ٹھیکیداروں کو نوٹسز جاری کرکے بلیک لسٹ کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواں کلی روڈ اور ایئرپورٹ روڈ کی خوبصورتی کے زیر تکمیل منصوبوں میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا
چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سجاد احمد بھٹہ، سیکریٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل، رکن وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کلیم اللہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ان منصوبوں کے معائنہ کے موقع پر جن کمزوریوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی تھی انہیں ٹھیک کئے بغیر ان منصوبوں کے معیار کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا

 انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعمیراتی منصوبوں کی خامیوں کو سامنے لاکر انہیں ٹھیک نہیں کریں گے تب تک تعمیر کے معیار کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب کوئٹہ ہی میں تعمیراتی منصوبے غیر معیاری ہوں گے تو پھر اندرون صوبہ منصوبوں کے معیار کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے، وزیراعلیٰ نے نوا کلی روڈ کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں منصوبے کی خامیوں کو سامنے نہیں لایاگیا

جن کا انہوں نے بذات خود جائزہ لیا تھا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روڈ کی خامیوں کو دور کرنے، معیار کو بہتر کرنے اور علاقے کے لوگوں کے تحفظ اور زیر تعمیر منصوبے پر کسی بھی غیر متوقع حادثے کو روکنے کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ نے زیرتعمیر سڑک اور ڈرین کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول کے ہدیات بھی کی۔