|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2020

ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے آج سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں اراکین اسمبلی، عمائدین، کارکنوں اورشہریوں نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے بلوچی زبان میں حال احوال پوچھا۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے، درخواستیں وصول کیں اورمسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔منتخب نمائندوں، عمائدین اورکارکنوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے افسروں کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر شہر جاؤں گا،عام لوگوں سے ملکر زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

میرا اپنے عوام سے مسلسل رابطہ ہے اوریہ تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔میں عوام سے ہوں اورعوام کی خدمت کیلئے جان بھی حاضر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے-ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیاہے-جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے ا ستعمال نہیں ہوں گے-انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام پرخرچ کرے گی-جنوبی پنجاب کی ترقی کو سابق دور میں بری طرح نظر انداز کیا گیا-تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار جنوبی پنجاب کو اس کا حق دیاہے۔

جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے۔ڈیرہ غازی خان ڈویڑن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیح ہے-ڈیرہ غازی خان ڈویڑن میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں -پانی چوری کے واقعات پر کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی-انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویڑن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کریں گے۔

کسی کرپٹ اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا-پولیس اورانتظامی افسران کو فری ہینڈ دیا ہے۔پنجاب میں میرٹ کویقینی بنایا ہے۔فلاح عامہ کے منصوبوں میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا:وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضروری ہے۔ عوام میں شجرکاری کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہے۔ پودے کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے۔ مشیر حنیف پتافی،ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویڑن،آر پی او ڈیرہ غازی خان اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈیرہ غازی خان سے ملتان آمد، ائیرپورٹ پراجلاس،ملتان ترقیاتی پیکیج اورامن عامہ سے متعلق اقدامات کا جائزہ:وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان سے ملتان پہنچے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ملتان ائیرپورٹ پراجلاس منعقد ہوا،جس میں ملتان کے ترقیاتی پیکیج اورامن عامہ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دورشروع ہوچکا ہے۔

ملتان ڈویڑن کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو اپنے کام کیلئے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے لئے ہماری حکومت کا تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق پسماندہ علاقوں کی ترقی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے۔منصوبوں پر خرچ کی جانے والی رقم کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔قومی وسائل میں کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسی اٹھا نہ رکھی جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے موثر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بھی بلاامتیاز ایکشن جاری رکھاجائے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعلقہ افسران فیلڈ میں نکلیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اوربازاروں میں اشیاء ضروریہ کے نرخوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب،ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب،کمشنر ملتان ڈویڑن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔